01 اکتوبر ، 2023
جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جنوری میں الیکشن کے انعقاد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری میں بالائی علاقوں میں برف پڑی ہوگی، لوگ ووٹ کیسے دیں گے؟
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوری میں ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوتی ہے، وہاں کے لوگ میدانی علاقوں میں آ جاتے ہیں، ان دنوں میں تو وہاں کے لوگ اپنے علاقوں میں ہی نہیں ہوں گے، تو ووٹ کیسے دیں گے؟ اسلیے اس معاملے پر بھی الیکشن کمیشن کو سوچنا ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں نوید سنائی گئی کہ ملک میں امن قائم ہو گیا ہے لیکن صورت حال یہ ہے کہ کسی بھی امیدوار کیلئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن مہم میں حصہ لینا مشکل ہے اور ہمارے لیے تو ناممکن ہے۔
مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے، ان کو یہاں آنا چاہیے، سیاست کرنا ان کا حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف قانونی اور عدالتی معاملات پر اطمینان لے کر ہی واپس آ رہے ہوں گے، ہم ان کو آنے پر خوش آمدید کہیں گے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کارکردگی اور ایجنڈے کو دیکھنا ہوگا اس جماعت کے تمام معاملات پاکستان مخالف ہیں، اس جماعت کو تو ملکی سیاست میں ہونا ہی نہیں چاہیے۔