01 اکتوبر ، 2023
تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن ایشون کا کہنا ہے کہ بھارت کیلئے یہ ورلڈکپ ان کا آخری ورلڈکپ ہو سکتا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے آخری لمحات میں اپنے اسکواڈ میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے انجرڈ اکشر پٹیل کی جگہ روی چندرن ایشون کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
بھارتی اسپنر اکشر پٹیل ایشیاکپ میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے جو صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں لہذا بھارت نے اکشر پٹیل کی جگہ آف اسپنر روی چندرن ایشون کو شامل کرلیا ہے۔
دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف پہلے وارم اپ میچ سے قبل 37 سالہ ایشون نے بتایا کہ یہ بھارت کے لیے میرا آخری ورلڈ کپ ہو سکتا ہے، اس لیے ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
آف اسپنر نے آخری لمحات میں ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ میں شامل ہونے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسکواڈ میں شامل ہونے پر مجھے یقین نہیں آرہا تھا لیکن زندگی حیرتوں سے بھری پڑی ہے، میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اسکواڈ میں شامل ہوں گا لیکن حالات نے اس بات کو یقینی بنایا کہ میں آج اسکواڈ میں شامل ہوں، ٹیم انتظامیہ نے مجھ پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔
ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے جبکہ ہاردک پانڈیا نائب کپتان ہوں گے۔
اس کے علاوہ ورلڈکپ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادیو، محمد شامی، روی چندرن ایشون، ایشان کشن اور سوریا کمار یادو شامل ہیں۔