04 اکتوبر ، 2023
ترجمان پی آئی کے مطابق ہینڈلنگ ایجنسی اور فیول کمپنی کے دو لاکھ ڈالر کے واجبات کی ادائیگی کر دی گئی ہے، پاکستان سے ٹورنٹو کے لیے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا میں نظام الاوقات کے فرق کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے لاہور کے لیے پرواز اپنے مقررہ وقت سے 4 گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی، اسلام آباد اور لاہور سے ٹورنٹو کے لیے دو طرفہ چار پروازیں ہفتہ وار روانہ ہوتی ہیں۔
اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ سنگین مالی مسائل کا شکار پی آئی اےکا کینیڈا کے لیے فضائی آپریشن لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی کے باعث بند ہونےکا خدشہ ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کو گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسز بند کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے سوئس پورٹ نامی کمپنی کی جانب سے گزشتہ روز پی آئی اے کو باقاعدہ ای میل بھی بھیجی جا چکی ہے۔
سوئس پورٹ کے نائب صدر کمرشل کی جانب سے پی آئی اے مینیجر پسنجر ہینڈلنگ سروسز کو جاری ای میل میں بتایا گیا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر 3 اکتوبر شام 5 بجے سے پی آئی اے کے لیے گراؤنڈ ہینڈلنگ کی سروسز بند کر دی گئی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری ای میل میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ 2 لاکھ 48 ہزار ڈالرز کی فوری ادائیگی کی جائے اور آئندہ سروسز کی فراہمی کے لیے ایک لاکھ ڈالرز ایڈوانس بھی ادا کیے جائیں۔
خیال رہے کہ سنگین مالی مسائل سے دوچار پی آئی اے کا ٹورنٹو آپریشن ہفتہ وار لاکھوں ڈالرز ریونیو فراہم کرتا ہے۔