04 اکتوبر ، 2023
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف انتقام لینے کے لیے نہیں بلکہ ملک کو دوبارہ خوشحال کرنے پاکستان آ رہے ہیں۔
بدھ کو شہباز شریف نے لاہور میں اپنے انتخابی حلقے کا دورہ کیا، اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، ان کی گاڑی پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے حق میں نعرے لگائے۔
شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی، نوازشریف کو اقتدار سے علیحدہ نہیں کیا گیا بلکہ عوام کو خوشحالی سے دور کرکے ترقی کے سفر سے محروم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف انتقام لینے کے لیے نہیں بلکہ ملک کو دوبارہ خوشحال کرنے پاکستان آرہے ہیں،وہ 21 اکتوبرکو مینار پاکستان پر اپنا مقدمہ اللہ پر چھوڑ دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو ایک سازش کے تحت جعلی مقدمے میں سزا دی گئی، ہمیں چور اور ڈاکو کہا گیا اور کہلوایا گیا ، مجھ پر،میرے خاندان پر اور میری پارٹی پر الزامات لگائے گئے، ہمیں جیلوں میں ڈالا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ، قطر ، چین کے ساتھ تعلقات خراب کر دیے گئے ، مجھ پرالزامات میں سچائی ہوتی تو میں جیل میں ہوتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جبکہ نوازشریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کوختم کیا، ملک میں اسپتال،یونیورسٹیاں،میٹرو اورپل بنائے، اللہ نے موقع دیا تو نواز شریف ملک کی قسمت بدل دے گا، اگر قومی دولت کو غریبوں پر نہیں خرچ کیا اور کرپشن کی تو آپ کا ہاتھ میرا گریبان ہوگا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور ن لیگ کی جانب سے ان کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کو لاہور میں استقبالیہ دیا جائے گا اورملک کے مختلف علاقوں میں ان کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نومبر 2019 میں علاج کیلئے برطانیہ گئے تھے۔