05 اکتوبر ، 2023
کراچی: کسٹمز نے طیاروں کے ذریعے کرنسی کی اسمگلنگ روکنے کیلئے تربیت یافتہ کتوں کا استعمال شروع کردیا۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق تمام بڑے ائیرپورٹس پر کرنسی کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کتوں سے مدد لی جارہی ہے، کارگو اور مسافروں کے سامان میں کرنسی کی نشاندہی کیلئے کتوں کی خصوصی تربیت کی گئی ہے اور ان کی کارکردگی شاندار ہے۔
کسٹمز ذرائع کا بتانا ہےکہ طیاروں کے خفیہ حصوں میں چھپی کرنسی کا پتا لگانے کیلئے کتوں کے ذریعے طیاروں کے اندر بھی تلاشی لی جا رہی ہے اور کرنسی اسمگلنگ روکنے کیلئے تمام ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز کی بین الاقوامی پروازوں کی خصوصی جانچ کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈالرز اور دیگر کرنسی کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کسٹمز ہر ممکن ذریعہ استعمال کر رہا ہے، تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں کیلئے کراچی ائیرپورٹ پر کسٹمز کا K9 یونٹ قائم ہے، کرنسی، بارود اور منشیات کا پتا لگانے کیلئے تربیت یافتہ کتوں کے الگ الگ اسکواڈ ہیں۔