Time 05 اکتوبر ، 2023
کھیل

ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں اسٹیڈیم میں خالی کرسیاں بھارتی کرکٹ بورڈ کو منہ چڑانے لگیں

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ میں میدان میں تماشائی نہ ہونے کے برابر ہیں۔--فوٹو:ا سکرین گریب
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ میں میدان میں تماشائی نہ ہونے کے برابر ہیں۔--فوٹو:ا سکرین گریب

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کا آغاز ہوگیا اور افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔

ورلڈکپ میچز شروع ہونے سے پہلے آن لائن بکنگ ویب سائٹ نے تمام ٹکٹس فروخت ہونے کا دعویٰ کیا تھا  جو بظاہر افتتاحی میچ میں جھوٹا نکلا۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم  میں  ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں خالی کرسیاں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو منہ چڑانے لگیں ہیں کیوں کہ میدان میں تماشائی نہ ہونے کے برابر ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی شائقین کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ پر کافی تنقید کی جارہی ہے اور ساتھ ہی خالی اسٹیڈیم کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔

 انگلینڈ کی ویمن کرکٹر ڈینیل وائٹ نے بھی سوشل میڈیا پر سوال پوچھا کہ کراؤڈ کہاں ہے؟

دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے اسٹیڈیم میں مفت انٹری کا مطالبہ کر دیا۔

سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے سہواگ نے لکھاکہ امید ہے کہ دفتری اوقات کے بعد فینز اسٹیڈیم کارخ کریں گے ، بھارتی ٹیم کے میچ کے علاوہ میچز کے لیے اسکول اور کالج کے بچوں کو اسٹیڈیم میں داخلہ مفت کیا جائے۔

اس سے قبل ورلڈکپ کے افتتاحی میچ کے ٹکٹس سولڈ آؤٹ ہونے یا نہ ہونے پر بھارتی میڈیا نے بھی سوالات اٹھائے تھے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت بے جے پی نے سٹی وارڈ لیول پر اسٹینڈز کو بھرنے کی حکمت عملی بنالی ہے، مقامی آفیشلز ٹکٹوں کے ساتھ چائے اور لنچ کے فری واؤچرز بھی دے رہے ہیں۔

مزید خبریں :