06 اکتوبر ، 2023
سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان آئی سی سی ورلڈکپ میں نیدرلینڈز کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے پاکستانی بیٹر سعود شکیل کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے۔
آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں آج پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں حیدرآباد دکن کے کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔
نیدرلینڈز نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کا نیدرلینڈز کے خلاف آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر فخر زمان 12، کپتان بابر اعظم 5 اور امام الحق 15 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور نوجوان سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالااور اسکور 100 سے اوپر تک پہنچایا۔
سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی اسکور کی۔یہ پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ میں دوسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔
تاہم سعود شکیل52 گیندوں پر 68 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے9 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
سعود شکیل کی نیدرلینڈز کے خلاف بیٹنگ دیکھ کر سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ' کل انگلینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا نے پریکٹس میچ کی فارم کا فائدہ اٹھایا اور آج سعود شکیل نے بھی وہی کیا، یہ مڈل آرڈر میں پاکستان کے لیے ایک اچھا آپشن ہیں'۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کے پہلے ورام اپ میچ میں سعود شکیل نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار نصف سنچری اسکور کی تھی۔