07 اکتوبر ، 2023
پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم نے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جس جارحانہ انداز سے چیمپئنز ٹرافی میں کھیلے تھے انہیں اسی انداز میں کھیلنا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام ہارنا منع ہے میں محمد عامر، عماد وسیم اور عبدالرزاق نے شرکت کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا وکٹ پر رہنا ضروری ہے جبکہ امام الحق گیارہوں مرتبہ باؤنسر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فخرزمان پرہماری ٹیم انحصارکرتی ہے، انہیں چاہیے اپنی پرانی گیم کھیلیں، وہ جس جارحانہ انداز سے چیمپئنز ٹرافی میں کھیلے تھے انہیں اسی انداز میں کھیلنا چاہیے۔
سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ سعود شکیل اور محمد رضوان نے بہت اچھا کھیلا، بابر اعظم اسپنر اورفاسٹ بولرکو اچھا کھیلتا ہے لیکن بابر اعظم آؤٹ ہو تو دوسروں کو ذمہ داری لینی چاہیے، ٹیم انتظامیہ صرف کہتی ہے کہ میچ جیتنا ہے۔
اس کے علاوہ شو میں موجود فاسٹ بولر محمد عامر نے حارث رؤف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حارث نےتیز بولنگ کی اور وہ ردھم میں نظر آئے، 1992میں پاکستان پہلا میچ ہار گیا تھا لیکن آج جیت گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ بابر اعظم اور میری محبت بہت گہری ہے، بابر اعظم وکٹ پر رہیں گے تو 300 سے زیادہ رنز ہوں گے، لگتا ہے امام الحق میں اعتماد کی کمی ہے، پچھلی انتظامیہ نےفخر زمان کا نمبر تبدیل کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ون ڈے ورلڈکپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔