08 اکتوبر ، 2023
آئی سی سی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کھلاڑیوں کی انجریز کے حوالے سے اپ ڈیٹ دی ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن انجری کی وجہ سے ورلڈکپ کے دوسرے میچ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔
بلیک کیپس کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں گیری اسٹیڈ نے کہا کہ کین ولیمسن انجری سے صحتیاب ہو رہے ہیں، انہیں فیلڈنگ میں اب بھی مشکل کا سامنا ہے۔
ہیڈ کوچ کے مطابق کین ولیمسن تیسرے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، اس کے علاوہ فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
گیری نے بتایا کہ لوکی فرگوسن دوسرے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، ٹم ساؤتھی نے بھی ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، بولنگ اور فیلڈنگ کی ، میچ سے پہلے ٹم ساؤتھی کا فائنل ایکسرے کیا جائےگا، رپورٹ کے بعد ان کی میچ میں شمولیت کا فیصلہ ہوگا۔
ہیڈ کوچ کیوی ٹیم کے مطابق ہم حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ کی تیاری کر رہے ہیں، ٹریننگ سیشن کے بعد ٹیم پلیئنگ الیون کو فائنل کریں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ کل حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔