Time 09 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 413 ہوگئی

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

غزہ میں اسرائیل کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 413 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

 ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائرکیےگئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑگئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر زمین، سمندر  اور فضا سے حملےکیے گئے، جن میں صیہونی فوجیوں سمیت 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوگئے جب کہ سیکڑوں زخمی اور درجنوں یرغمال بنالیےگئے ۔

حماس کے حملے کے جواب میں غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 413 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جب کہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 2300 سے تجاوز کر چکی ہے۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 78 خواتین اور 41 بچے بھی شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والے فلسطینی بچوں کی تعداد 121 سے زائد ہے۔

اس  سے قبل حماس کے حملوں میں اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے بدلہ لینے کے لیے بیس لاکھ سے زائد افراد کی آبادی پر مشتمل پورے غزہ کو خالی کرنے کا کہہ دیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہےکہ فلسطینی غزہ خالی کریں، حماس کے ٹھکانوں کو  ملبےکا ڈھیر  بنایا  جائےگا، اسرائیل ہر جگہ بھرپور طاقت استعمال کرےگا، تاہم اسرائیلی  وزیراعظم نے طاقت کے اس استعمال سے پہلے یہ نہیں بتایا کہ غزہ میں رہنے والے بیس لاکھ فلسطینی جائیں کہاں؟

خیال رہےکہ اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ میں عام فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، گزشتہ کئی سالوں سے محصور غزہ میں دواؤں اور بنیادی ضروری اشیاء کی پہلے ہی قلت ہے اور موجودہ صورت حال میں حالات مزید دگرگوں ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :