08 اکتوبر ، 2023
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل میں ایک اور کارروائی کرتے ہوئے 15 اسرائیلیوں کو ہلاک کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے عسقلان میں اسرائیلی فوجی اڈے پر حملہ کیا گیا، حماس نے اسرائیلی فوجی اڈے پر حملے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
حماس کے مزاحمت کاروں نے فوجی اڈے میں موجود بکتر بند اور بھاری ہتھیار پر قبضہ کیا، اس دوران 15 اسرائیلی ہلاک ہوگئے جب کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حماس کے 4 ارکان شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے 8 شہروں میں اب بھی اسرائیلی فوجیوں اور حماس کے مزاحمت کاروں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
امریکی ٹی وی کے مطابق حماس نے ایک اور اسرائیلی شہر پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔
حماس کی کارروائیوں میں سینیئر فوجی افسر سمیت 50 سے زائد فوجی اور 600 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں اور 2 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 370 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں اب تک 370 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور 2200 سے زائد زخمی ہیں۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ شہدا میں 20 بچے بھی شامل ہیں اور 121 بچے زخمی ہوئے ہیں۔