Geo News
Geo News

Time 08 اکتوبر ، 2023
دنیا

'اسرائیلی بچوں کے سکون سے سونےکا واحد راستہ یہ ہےکہ فلسطینی بچے بھی سکون سے سوئیں'

فوٹو: فائل/@petrogustavo
فوٹو: فائل/@petrogustavo

جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نےکہا ہےکہ  اسرائیلی بچوں کے لیے سکون سے سونےکا واحد راستہ یہ ہےکہ فلسطینی بچے بھی سکون سے سوئیں۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کا کہنا تھا کہ فلسطینی بچوں کے لیے سکون کی نیند سونےکا واحد راستہ اسرائیلی بچوں کے لیے سکون کی نیند ہے اور  اسرائیلی بچوں کے لیے سکون سے سونےکا واحد راستہ یہ ہےکہ فلسطینی بچے بھی سکون سے سوئیں۔

گستاوو پیٹرو کا کہنا تھا کہ جنگ سے کبھی یہ حاصل نہیں ہوگا، یہ صرف ایک امن معاہدے سے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے جو بین الاقوامی قانون  اور فریقین کے آزادانہ وجود کے حق کا احترام کرتا ہو۔

اس موقع پرکولمبین صدر  نے اسرائیل کے ہاتھوں شہید ہونے والے متعدد فلسطینی بچوں کی تصاویر  بھی شیئر کیں اور کہا کہ یہ تصاویر ان فلسطینی بچوں کی ہیں جنہیں ان کی سرزمین  پر غیر قانونی قبضے کی وجہ سے قتل کردیا گیا۔

کولمبیا کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ  بہت چھوٹی عمر میں انہوں نے اسرائیل فلسطین تنازع کا مطالعہ کیا، وہ 1948 سے فلسطینی عوام کے ساتھ ہونے والی بے پناہ ناانصافیوں سے واقف ہیں، ویسے ہی جیسے وہ 1933 سے یورپ میں نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کے ساتھ ہونے والی  ناانصافیوں کے بارے میں جانتے ہیں۔

گستاوو پیٹرو کا کہنا تھا کہ اگر میں 1933 میں جرمنی میں ہوتا تو  یہودیوں کی طرف سے لڑتا اور  اگر  1948 میں فلسطین میں رہتا  تو میں فلسطینیوں کی طرف سے لڑتا۔

انہوں نے ایک دستاویزی فلم بھی شیئر کی جس میں فلسطینی عوام کی مشکلات اور مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔