09 اکتوبر ، 2023
فاسٹ بولر محمد عامر بھی بھارت کے چنئی اسٹیڈیم کی بنائی گئی پچ پر برہمی کااظہار کیے بغیر نہیں رہ سکے۔
محمد عامر ،عبد الرزاق اور عماد وسیم کے ہمراہ جیو نیوز کے کرکٹ اسپیشل پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے جس دوران عماد وسیم نے رزاق اور عامر کو 70 رنز سے ہرایا تو پروگرام میں کرکٹرز نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
عبد الرزاق کا کہنا تھا کہ ’جس طرح کی یہ پچ ہے یہ فیئر نہیں ہے، آئی سی سی کا ورلڈکپ ٹورنامنٹ ہے لیکن بھارت اپنی مرضی سے پچز بنارہا ہے، بھارت کو پچ کا اندازہ تھا جب ہی بھارت نے 3 اسپنرز کھلائے اور آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھی غلطی کی۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کو بھی چاہیے تھا کہ پہلے فیلڈنگ کرتا اور دیا گیا ہدف پورا کرتا لیکن آسٹریلیانے وہی کیا جو بھارت چاہ رہا تھا، آئندہ دنوں افغانستان سے میچ کیلئے پاکستان کو بھی یہی مشورہ ہے اس اسٹیڈیم میں جب کھیلیں اور اگر ٹاس جیت جائیں تو پہلے فیلڈنگ کی طرف جائیں۔
دوسری جانب محمد عامر نے کہا کہ وکٹ تیار کرنے والوں کو 20 توپوں کی سلامی دینی چاہیے۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم کی بھی کچھ سمجھ نہیں آئی کہ وہ ٹاس جیت کر بھی پہلے بیٹنگ کی طرف کیوں گئے اگر وہ پہلے بولنگ کرتے تو اس گیم کا نتیجہ مختلف بھی ہوسکتا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت نے ورلڈکپ کے پانچویں میچ میں ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو با آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا ہے۔