Time 10 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی بات چیت کیلئے تیار ہیں، حماس

حماس ایسی کسی کوشش اور تمام سیاسی مذاکرات کے لیے تیار ہے، جنگ بندی کے سوال پر حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق کا جواب----فوٹو: فائل
حماس ایسی کسی کوشش اور تمام سیاسی مذاکرات کے لیے تیار ہے، جنگ بندی کے سوال پر حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق کا جواب----فوٹو: فائل

فلسطینی مزاحمت پسند تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے عرب میڈیا سے گفتگو کی جس میں ان سے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے حوالے سے سوال کیا گیا۔

جنگ بندی کے حوالے سے کیے گئے سوال پر حماس کے رہنما موسیٰ ابومرزوق نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حماس ایسی کسی کوشش اور تمام سیاسی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے مسلسل تیسرے روز بھی غزہ پر حملے جاری ہیں، 800 سے زائد فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 687 فلسطینی شہید اور  3ہزار 726 سے زائد زخمی ہوئے۔

اسرائیلی حملوں میں 7 مساجد اور 72 رہائشی عمارتیں مکمل تباہ ہوگئیں جبکہ5 ہزار سے زائد کو نقصان پہنچا ہے، اس کےعلاوہ ملبے تلے درجنوں افراد کے دبے ہونے کاخدشہ ہے۔

دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی بمباری سے حماس کے زیر حراست چار اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے جبکہ حماس کی کارروائیوں میں اب تک 73  فوجیوں سمیت ایک ہزار اسرائیلی مارے جاچکے ہیں۔

گزشتہ روز حماس نے غزہ پر حملوں کے بدلے قیدی بنائے گئے اسرائیلیوں کو قتل کرنےکی دھمکی دی تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کی القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے ایک بیان میں کہا کہ پر امن فلسطینیوں پر ہر حملے کے بدلے ایک اسرائیلی قیدی کو ہلاک کیا جائے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ پر حملے کے نتیجے میں ہلاک کیے جانے والے ہر اسرائیلی قیدی کی فوٹیج جاری کی جائے گی، اب اسرائیل کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

مزید خبریں :