09 اکتوبر ، 2023
تہران نے اسرائیل کو خبردار کیا ہےکہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی احمقانہ کارروائی کی تو اس کا منہ توڑ اور تباہ کن جواب دیا جائےگا۔
ایران نے مسلسل دھمکیوں کے بعد اسرائیل کے لیے وارننگ جاری کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اسرائیل پر حملوں میں حماس کی معاونت کا الزام بھی مسترد کردیا اور کہا کہ فلسطینیوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سات دہائیوں کے جابرانہ قبضے اور ناجائز صیہونی حکومت کےگھناؤنے جرائم کے خلاف جائز دفاع ہے۔
ایران نے غزہ میں تیزی سے بدلتی صورت حال پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی بلانےکا مطالبہ کیا ہے جب کہ عرب لیگ کا اجلاس بدھ کو ہوگا۔
دوسری جانب قطر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی بات چیت کا بھی انکشاف ہوا ہے تاہم اسرائیل نے اس کی تردید کی ہے جب کہ قطری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہیں، خون ریزی رکوانا اور تنازع کا پھیلاؤ روکنا ترجیح ہے۔
روس نے اسرائیل کے معاملے میں مغربی ممالک کی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
عرب لیگ کے سربراہ سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ خوں ریزی رکوانےکے لیے عرب لیگ کے ساتھ مل کرکام کر رہے ہیں، مسئلہ فلسطین کے حل میں اب مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔