10 اکتوبر ، 2023
تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہےکہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں ایران ملوث نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کے روز ٹی وی پر خطاب میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حماس کے حملے کو سراہتے ہوئےکہا کہ جس نے صیہونی ریاست پر حملہ کیا ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں ایران ملوث نہیں تھا لیکن اسرائیل پر یہ حملہ اس کی فوج اور انٹیلی جنس کے لیے ناقابل تلافی شکست ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ حماس کے تباہ کن حملے نے اسرائیل کے اہم انفرا اسٹرکچر کو تباہ کردیا ہے جس کی تلافی اتنی آسان نہیں ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر نے اسرائیل کو ہی اس کی اپنی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
واضح رہےکہ حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ حماس کے اس حملے کے پیچھے ایران موجود ہے تاہم امریکی حکام نے فوری طور پر ایران کے ملوث ہونے کے کوئی انٹیلی جنس شواہد پیش نہیں کیے۔