11 اکتوبر ، 2023
اسلام آباد: نگران ویراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیر صدارت قومی ائیرلائن پی آئی اے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات میں ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات کو بڑھا رہا ہے، عوام کے ٹیکسوں سے ان اداروں کا خسارہ پورا کرنا مزید ممکن نہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھاکہ پی آئی اے اور خسارے والے دیگر سرکاری اداروں (ایس او ایز) کی نجکاری مزید تیزکی جائے، ہوا بازی شعبے کی اصلاحات سے عوام کوبہترین سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ نجکاری کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے جب کہ خسارے کے ذمہ داروں کا تعین بہت ضروری ہے تاکہ اس کے تدارک کے لیے اقدامات ہوسکیں۔