اداکاری سے بریک کے بعد واپسی: عامر خان کی نئی فلم کب ریلیز ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی وڈکے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلمی کیریئر میں اداکاری سے کچھ وقت کے بریک کے بعد بڑے پردے پر واپسی ہو رہی ہے۔

گزشتہ سال عامر خان نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اداکاری سے تھوڑی دیر کے لیے بریک لینا چاہتا ہوں۔جب میں ایک اداکار کے طور پر کوئی فلم کرتا ہوں تو میں اس میں اتنا کھو جاتا ہوں کہ میری زندگی میں اور کچھ نہیں ہوتا۔ 

عامر خان نے کہا تھا کہ مجھے لال سنگھ چڈھا کے بعد فلم چیمپئنز میں بھی اداکاری کرنی تھی لیکن میں اب ایک وقفہ لینا چاہتا ہوں، اپنے خاندان کے ساتھ، اپنی ماں، اپنے بچوں کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں۔

اداکار نے انکشاف کیا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے جب وہ اپنے 35 سالہ طویل فلمی کیریئر میں اداکاری سے بریک لے رہے ہیں۔

تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سال کے وقفے کے بعد عامر خان اداکاری میں واپس آرہے ہیں اور ان کی نئی فلم کی ریلیز کی تاریخ بھی سامنے آگئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم میں نظر آئیں گے جو اگلے سال20 دسمبر کو کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

فلم کا نام ، کاسٹنگ اور  دیگر معلومات سامنے نہیں لائی گئیں تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ جنوری 2024 میں شروع ہوجائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اگر فلم منصوبے کے مطابق کرسمس پر ہی ریلیز کی گئی تو عامر خان کی یہ فلم اور اکشے کمار کی فلم 'ویلکم ٹو دی جنگل' کا باکس آفس پر ٹکراؤ ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ عامر خان گزشتہ سال فلم لال سنگھ چڈھا میں آخری بار اداکاری کرتے نظر آئے تھے، یہ فلم باکس آفس پر کوئی زیادہ بزنس نہیں کرسکی تھی۔

مزید خبریں :