12 اکتوبر ، 2023
غزہ میں مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے میں مزید 15 فلسطینی شہید ہوگئےجس کے بعد اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار 417 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے آغاز سے 447 بچے اور 248 خواتین شہید ہوچکی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ پٹی پراسرائیلی وحشیانہ جارحیت کے باعث 50 سے زائد طبی عملہ شہید ہوا ہے، اسرائیلی بمباری سے وسیع تباہی سے غزہ پٹی میں ماحولیاتی آلودگی اور وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان کے مطابق اسرائیل نے پورے غزہ میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے، غزہ کے شہریوں کو اسرائیل کی طرف سے حملے سے قبل کوئی وارننگ نہیں دی گئی۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کے 12 کارکن ہلاک ہو چکے ہیں، عملے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کی ناکابندی کرکے بجلی،پانی،خوراک،ایندھن کی فراہمی بند کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق غزہ شہر کے مرکزی اسپتال میں جنریٹرز کیلئے صرف چار دن کا ایندھن بچا ہے۔
ہلال احمر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ میں بجلی کی کمی کے باعث اسپتالوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے،غزہ کی پٹی کے واحد بجلی گھر نے ایندھن کی قلت کی وجہ سےگزشتہ روز کام کرنا بند کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک اور اجلاس آج ہوگا۔