کھیل
Time 12 اکتوبر ، 2023

فیفا نے برطانوی نژاد فٹبالر کی پاکستان سے کھیلنے کی اہلیت پر سوال اٹھا دیا

فوٹو: اوٹس خان فائل
فوٹو: اوٹس خان فائل

فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے برطانوی نژاد پاکستانی فٹبالر اوٹس خان کی پاکستان سے کھیلنے کی اہلیت پر سوال اٹھا دیا۔

جمعرات کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے سلسلے میں پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا لیگ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔

پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان میچ میزبان ملک کے دارالحکومت فینوم پین کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے رینکنگ میں اپنے سے 20 درجے بہتر ٹیم کا جم کر مقابلہ کیا، البتہ دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی گول نہ کرسکیں۔

برطانوی نژاد پاکستانی فٹبالر اوٹس خان کمبوڈیا کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکے کیوں کہ فیفا کی جانب سے ان کی پاکستان سے کھیلنے کی اہلیت پر سوال اٹھایا گیا۔

اوٹس خان کو پاکستانی بیک گراؤنڈ ہونے پر کھیلنے کا اہل قرار دیا گیا تھا جبکہ فیفا کا مؤقف ہے کہ اوٹس کے دادا کی پیدائش پاکستان کی نہیں بلکہ  دلی کی ہے۔

فیفا  کے مطابق اوٹس کے دادا کی پیدائش 1930 میں نئی دلی میں ہوئی تھی ، ان کے دادا کی پیدائش کے موقع پر پاکستان کا قیام ہی نہیں ہوا تھا۔

تاہم ذرائع کا کہنا تھا پاکستان بننے کے بعد اوٹس کے دادا ہجرت کر کے فیصل آباد آگئے تھے۔

اس معاملے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ فیفا کی جانب سے اوٹس کی اہلیت پر حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، پی ایف ایف اس معاملے  پر فیفا سے رابطے میں ہے۔

ترجمان پی ایف ایف کے مطابق اوٹس کو اس سے قبل ساف اور اے ایف سی پاکستان سے کھیلنے کی اجازت دے چکے ہیں، انہوں نےساف چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

واضح رہے کہ  پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان کوالیفائرز کا دوسرا لیگ 17 اکتوبر کو پاکستان میں اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزید خبریں :