13 اکتوبر ، 2023
حماس کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے زمینی حملہ کیا تو اسکی فوج کو نیست ونابود کردیا جائے گا۔
اسرائیل پرحملوں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے حماس کے فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے آغاز پر ہی اسرائیلی فوج کا غزہ ڈویژن تباہ کر دیا گیا ہے۔
حماس کے فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ القدس کے تحفظ کیلئے ایسی مزید کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ابوعبیدہ نے مزید کہا کہ آپریشن ’الاقصیٰ فلڈ‘ میں توقع سے زیادہ کامیابی ملی، اس آپریشن کیلئے خفیہ تیاری کی گئی تھی جس میں حماس مزاحمتی قوتوں کے ساتھ رابطے میں تھی۔
مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کی القدس بریگیڈ کے ترجمان ابو حمزہ کا کہنا تھا کہ جلد کئی محاذ کھولے جائیں گے جن میں 1948 میں فلسطین کے پاس موجود علاقے بھی شامل کیے جائیں گے۔
حماس رہنما نے دعویٰ کیا کہ امریکا، فرانس اور دیگر ملکوں کے شہری اسرائیلی فوج کی وردیاں پہن کر جنگ میں شریک ہیں، یرغمال بنائے گئے بہت سے اسرائیلی فوجی امریکی اور فرانسیسی شہری نکلے ہیں۔
خیال رہے کہ آپریشن ’الاقصٰی فلڈ‘ کے آغاز سے اسرائیلی معیشت کو اب تک ہوئے نقصان کا تخمینہ تقریبا 6 اعشاریہ 8 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
دوسری جانب فلسطین پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1570 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 7 ہزار 2 سو سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات تباہ جبکہ 30 ہزار سے زائد مکانات کو جزوی نقصان پہنچاہے۔
اسرائیلی بربریت میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بھی 3 لاکھ 38 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
2 لاکھ 20 ہزار فلسطینی اقوام متحدہ کے اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور جبکہ ایک لاکھ فلسطینی اپنے عزیزوں اور گرجا گھروں میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔
غزہ میں اسپتالوں میں زخمیوں کیلئے بستر اور دوائیں کم پڑگئیں، بجلی بند ہونے سے وینٹی لیٹرز چلانا چیلنج بن گیا۔