دنیا
Time 14 اکتوبر ، 2023

حزب اللہ کا اسرائیل پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے لبنانی علاقوں میں گولہ باری کے جواب میں اسرائیل پر  راکٹوں اور  ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

حزب اللہ کے زیر انتظام چلنے والے سیٹلائٹ ٹیلی ویژن المنار ٹی وی کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے شیبا فارمز کے سرحدی علاقے  میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا ہے۔

حزب اللہ کے مطابق حملے میں راکٹوں، ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل اور  مارٹر گولوں کا استعمال کیا گیا۔

حزب اللہ کا کہنا ہےکہ یہ  کارروائی  اسرائیل کی گولہ باری کا جواب ہے۔

دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ لبنان سے ہونے والے حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں، ایک زخمی اسرائیلی فوجی کی حالت تشویش ناک ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز  بھی اسرائیل کی جانب سے لبنان کے سرحدی علاقوں میں حملہ کیا گیا تھا، اسرائیلی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے ایک صحافی جاں بحق جب کہ 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ روز  بیروت کے مضافات میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئےحزب اللہ کے نائب رہنما نےکہا تھا کہ وہ اسرائیل کے خلاف جنگ میں حماس کا ساتھ دینےکے لیے مکمل طور  پر تیار ہیں۔

حزب اللہ کے نائب رہنما کا کہنا تھا کہ وہ  وقت آنے پر  مداخلت  بھی کریں گے۔

مزید خبریں :