15 اکتوبر ، 2023
پاکستانی کپتان بابر اعظم کو بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے اپنی انڈین جرسیاں تحفے میں دیں جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ملے جلے تاثرات دیکھنے کو ملے۔
ہفتے کے روز آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دی۔
میچ کے بعد گراؤنڈ میں ویرات کوہلی کی جانب سے بابر اعظم کو اپنی دو جرسیاں تحفے میں دی گئیں جس کی ویڈیو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے شیئر کی تو وہ سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی۔
ویڈیو پر ناصرف پاکستانی صارفین نے تبصرے کیے بلکہ سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی اسے نامناسب قرار دیا۔
نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا 'جب میں نے تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہوگیا، کیونکہ آج یہ دن نہیں تھا جب آپ (بابر) کوہلی کی جرسیاں لیتے'۔
وسیم اکرم نے کہا 'اگر کرنا ہی ہے "چاچا کے پتر"نے کہہ دیا ہے کہ کوہلی کی ٹی شرٹ چاہیے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں دی جا سکتی تھی'۔
آئیے کچھ دیگر صارفین کے تبصرے دیکھتے ہیں:
ایک صارف نے غصے بھرے انداز میں لکھا 'ذلت بھری شکست کے بعد آپ کا کپتان کوہلی سے اس کی شرٹ لے رہا ہے'۔
زین علی نامی صارف نے وسیم اکرم کی بات سے اتفاق کیا اور کہا میں بابر کی بہت عزت کرتا ہوں لیکن یہاں صورتحال مختلف تھی۔
ایک اور صارف نے کہا کہ بھارتیوں میں اعلیٰ ظرفی نہیں ہے۔