فیفا ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ:کمبوڈیا فٹبال ٹیم کا اسلام آباد میں شرمناک استقبال

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے پاکستان آنے والی کمبوڈیا فٹبال ٹیم کا اسلام آباد میں شرمناک استقبال کیا گیا۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا سے کروڑوں روپے کے فنڈز اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے ارکان کی حیثیت سے لاکھوں روپے وصول کرنے والے عہدیداروں کی سربراہی میں ورلڈکپ 2026 کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کیلئے پاکستان آنے والی کمبوڈیا کی ٹیم کا اسلام آباد پہنچنے پر شرمناک اور توہین آمیز استقبال کیا گیا۔ 

ذرائع کے مطابق ٹیم کے کھلاڑیوں اور ان کا سامان ہوٹل لے جانے کیلئے پیر ووھائی سے لوکل کوسٹر اور شہزور ٹرک پکڑ کر شرمناک انداز میں کام چلایا گیا۔ 

پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائنگ راؤنڈ کا دوسرا میچ ہوم بنیاد پر 17 اکتوبر کو  اسلام آباد کے پی ایس بی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے جس کیلئے کمبوڈیا کی ٹیم کا 39رکنی اسکواڈ ہفتے کو رات گئے اسلام آباد پہنچا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی( این سی)  نے بدنظمی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے کمبوڈیا کی فٹبال ٹیم کا انوکھا استقبال کیا، ٹیم کا سامان ٹرکوں میں بھر کر ہوٹل لے جایا گیا اور ائیرپورٹ پر مہمانوں کو ہوٹل لے جانے کیلئے مناسب انتظام نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ پر نہ تو کارگو ٹرکس تھے اور نہ ہی وی آئی پی کوچز تھیں جبکہ مہمان ٹیم کا سامان لوڈنگ ٹرکوں میں رکھنے کیلئے ائیر پورٹ عملے کی بھی خدمات نہیں لی گئیں۔ مہمان کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت ٹرکوں میں سامان رکھ کر ائیرپورٹ سے ہوٹل روانہ ہوئے۔

روزنامہ جنگ کی جانب سے این سی کے رکن شاہد کھوکھر اور چیئرمین ہارون ملک سے صورتحال جاننے کی فون پر کوشش گئی لیکن انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔ 

واضح رہے کہ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کمبوڈیا میں کھیلا جانے والا پہلا کوالیفائنگ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔

ہوم بنیاد پر پاکستانی ٹیم اپنے گراؤنڈ پر کمبوڈیا کا مقابلہ کرے گی اس لیے امکان ہے کہ قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کا فائدہ حاصل کرتے ہوئے میچ میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ 

پاکستانی ٹیم ایک صفر کی کامیابی کے ساتھ بھی اگلے راؤنڈ میں پہنچ جائے گی جبکہ میچ برابر رہنے کی صورت میں اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا فیصلہ ییلو کارڈ کی بنیاد پر ہوگا جس ٹیم کو کم ییلو کارڈ زکا سامنا ہوگا وہ اگلے مرحلے گروپ جی میں پہنچ جائے گی۔

مزید خبریں :