17 اکتوبر ، 2023
پاکستان فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈکپ 2026 کےکوالیفائنگ راؤنڈ میں کمبوڈیا کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈکپ کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان فٹبال ٹیم نے کمبوڈیا کے خلاف ورلڈکپ 2026 کے کوالیفائنگ میچ میں فتح حاصل کرلی۔
پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کےجناح اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے کمبوڈیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے واحد گول 69 ویں منٹ میں ہارون حامد نے اسکور کیا۔
197 ویں رینک والی پاکستان فٹبال ٹیم نے کبھی بھی ورلڈکپ کوالیفائر میچ نہیں جیتا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ احمد حنیف اورکزئی، صوبائی وزیر کھیل بلوچستان جمال رئیسانی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ شعیب کھوسو سمیت ہزاروں کی تعداد میں شائقین موجود تھے۔
پاکستان کی شاندار کامیابی پر جناح اسٹیڈیم میں ہزاروں شائقین نے جیت کا جشن بھی منایا۔
پاکستان نے پہلی بار ورلڈکپ کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا ہے، اگلے مرحلے میں پاکستان فٹبال ٹیم کا مقابلہ سعودی عرب ، تاجکستان اور اردن سے ہوگا۔
واضح رہے کہ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کمبوڈیا میں کھیلا جانے والا پہلا کوالیفائنگ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔
میچ کے بعد قومی فٹبالر کلیم اللہ کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اس ایونٹ کے لحاظ سے بڑا اچھا اقدام کیا ہے، اپنے ملک میں فتح حاصل کرنا خوشی کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اگلے راؤنڈ میں کافی چیلنچز کا سامنا کرنا پڑے گا، قومی فٹبال ٹیم کا سعودی عرب ، تاجکستان اور اردن سے مقابلہ اہم ہوگا۔