Time 18 اکتوبر ، 2023
کھیل

بھارت کیخلاف میچ ماضی کا حصہ، اب آسٹریلیا سے میچ پر فوکسڈ ہیں: سعود شکیل

بڑا میچ ہار کر مایوسی تو ہوتی ہے لیکن احمد آباد میں جو ہوا اسکو وہیں چھوڑ کر نئے حوصلے کے ساتھ بنگلورو آئے ہیں: قومی کرکٹر کی جیونیوز سے گفتگو/ فائل فوٹو
بڑا میچ ہار کر مایوسی تو ہوتی ہے لیکن احمد آباد میں جو ہوا اسکو وہیں چھوڑ کر نئے حوصلے کے ساتھ بنگلورو آئے ہیں: قومی کرکٹر کی جیونیوز سے گفتگو/ فائل فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ ماضی کا حصہ ہوگیا اور اب قومی کرکٹرز نئے جذبے کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف میچ کیلئے فوکسڈ ہیں۔

بنگلورو میں جیو نیوز کو انٹرویو میں سعود شکیل نے کہا کہ بھارت والا میچ گزر گیا، وہ ایک برا دن تھا، اب اگلے میچ کیلئے فوکسڈ ہیں، آسٹریلیا سے جیت کر پوزیشن مستحکم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے شروع میں اچھی کرکٹ کھیلی، دو میچز جیتے، بڑا میچ ہار کر مایوسی تو ہوتی ہے لیکن احمد آباد میں جو ہوا اسکو وہیں چھوڑ کر نئے حوصلے کے ساتھ بنگلورو آئے ہیں، اب یہی کوشش ہے کہ بھارت والا میچ بھول کر آسٹریلیا کے خلاف میچ پر فوکس کریں۔

سعود شکیل کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں آسٹریلیا کا بھی آغاز اچھا نہیں ہوا، ان پر بھی پریشر ہوگا، ہم کوشش کریں گے کہ اپنی اسٹرینتھ کے مطابق کھیلیں۔

مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ وائٹ بال کیلئے خود کو تیار کرنے کیلئے کافی محنت کی ہے، اندازہ تھا کہ کس پوزیشن پر جگہ بن سکتی اس حساب سے تیاری کی اور خواہش یہی تھی کہ وائٹ بال بھی کھیلوں اس حساب سے شاٹس کی پریکٹس کی۔

انہوں نے کہا ہدف یہی ہے کہ یہاں پر آئے ہیں تو ورلڈ کپ جیت کر جائیں، خواہش ہے کہ میچ وننگ اور متاثر کن پرفارمنس دے کر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کریں۔

ایک سوال پر سعود شکیل نے کہا کہ بھارت کے میدانوں میں اپنا کراوڈ مس کرتے ہیں، ایک موقع پر میڈیا کو بھی مس کیا۔

مزید خبریں :