13 جنوری ، 2013
اسلام آباد…چیئرمین پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی ندیم افضل چن اور وزیراعظم کے مشیر مصطفی نواز کھوکھر نے کوئٹہ بم دھماکوں اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ بلوچستان کے استعفے اور صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے مطالبات کی حمایت کر دی۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال نے واضح کر دیا، بلوچستان حکومت ناکام ہو گئی، وزیراعلیٰ بلوچستان فوری طور پر مستعفی ہو جائیں،بہتر ہو گا بلوچستان میں گورنر راج لگا دیا جائے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے انسانی حقوق مصطفی نواز کھوکر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت امن وامان کے قیام میں ناکام ہو چکی، بلوچستان حکومت فوری طور پر مستعفی ہو جائے، مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ وہ بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کی حمایت کرتے ہیں اور وفاقی حکومت ہزارہ کمیونٹی کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔