کھیل
Time 22 اکتوبر ، 2023

پاکستان کیخلاف میچ سے ایک دن قبل افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ نے کیا کہا؟

ورلڈ کپ کا ہر میچ اہم ہے، پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، پاکستان کے ساتھ بہت سخت مقابلے بھی ہوئے: سابق انگلش کرکٹر و افغان کوچ جوناتھن ٹروٹ __فوٹو: جیو نیوز
ورلڈ کپ کا ہر میچ اہم ہے، پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، پاکستان کے ساتھ بہت سخت مقابلے بھی ہوئے: سابق انگلش کرکٹر و افغان کوچ جوناتھن ٹروٹ __فوٹو: جیو نیوز

افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق انگلش کرکٹر جوناتھن ٹروٹ نے کہا ہے کہ پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کو ہرانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

چنئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوناتھن ٹروٹ نے کہا کہ صرف اسپنرز نے گیم نہیں کھیلنا، دیگر کھلاڑی بھی ٹیم میں ہوں گے اور میچ جیتنے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

افغانستان کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ صرف اسپنرز پر انحصار نہیں کریں گے، بیٹرز اور فاسٹ بولرز کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان سے سیریز میں کانٹے کے مقابلے ہوئے، سیریز میں میچز جیت سکتے تھے، کوشش کریں گے کل جیتیں۔

جوناتھن ٹروٹ نے کہا کہ ورلڈ کپ کا ہر میچ اہم ہے، پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، پاکستان کے ساتھ بہت سخت مقابلے بھی ہوئے۔

افغان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ افغانستان کے پلیئرز پاکستان سے میچ کے لیے پُرجوش ہیں، پاکستان کے پچھلے میچز کے نتائج سے فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے کہ پاکستان بھی کل کا میچ جیتنے کی پوری کوشش کرے گا اور ہم بھی کل کا میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں کل پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ چنئی میں شیڈول ہے۔

مزید خبریں :