Time 24 اکتوبر ، 2023
دنیا

فلسطینیوں کو 56 سال حبس زدہ قبضے کا شکار بنایا گیا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینیوں کو 56  سال حبس زدہ قبضے کا شکار بنایا گیا۔

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ پر ہونے والے سہ ماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے، ایسے نازک لمحات میں اصولوں کا واضح ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس حملوں کو فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دینےکا جواز نہیں بنایا جاسکتا،غزہ میں بھیجی جانے والی امداد ضروریات کے سمندر میں ایک قطرے کے برابر ہے،  امداد پابندیوں کے بغیر بھیجی جانی چاہیے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور احترام کے بنیادی اصولوں سے اس کا آغاز کیاجائے۔

خیال رہے کہ مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 182 بچوں سمیت مزید 704 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 800 ہوگئی۔

اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 2 ہزار سے زائد بچے اور 1100 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جنہیں اسپتالوں میں دواؤں اور ایندھن کی قلت کے باعث مزید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :