Time 24 اکتوبر ، 2023
دنیا

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے فلسطینیوں کی حمایت میں بیان پر اسرائیل سیخ پا

اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے انتونیو گوتیریس سے ملاقات سے انکار کردیا ہے: میڈیا رپورٹس— فوٹو: اسرائیلی میڈیا
اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے انتونیو گوتیریس سے ملاقات سے انکار کردیا ہے: میڈیا رپورٹس— فوٹو: اسرائیلی میڈیا

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیریس کا فلسطینیوں کی حمایت میں بیان اسرائیل کو ایک آنکھ نہ بھایا اور فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 182 بچوں سمیت مزید 704 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 800 ہوگئی۔

اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 2 ہزار سے زائد بچے اور 1100 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جنہیں اسپتالوں میں دواؤں اور ایندھن کی قلت کے باعث مزید مشکلات کا سامنا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیان پر اسرائیل  نے احتجاج کیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے انتونیو گوتیریس سے ملاقات سے انکار کردیا ہے جبکہ اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب نے انتونیوگوتیریس سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ فلسطینیوں کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھاکہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینیوں کو 56 سال حبس زدہ قبضےکا شکار بنایا گیا ہے۔

مزید خبریں :