Time 25 اکتوبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

ویڈیو: دوران کانسرٹ اپنے اوپر 'نوٹ' پھینکنے والے مداح کو عاطف اسلم نے کیا کہا؟

دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے ساتھ حال ہی میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس پر گلوکار نے کسی قسم کا سخت ردعمل دینے کے بجائے آرام سے معاملے کو سنبھالا۔

عاطف اسلم ان دنوں امریکا کے مختلف شہروں میں کانسرٹس کر رہے ہیں، اسی دوران ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ اسٹیج پر موجود گانا گارہے ہوتے ہیں کہ لوگوں میں سے کوئی مداح ان پر نوٹ پھینکتا ہے۔

گلوکار کی جانب جیسے ہی نوٹ آتے ہیں وہ ایک دم کانسرٹ روک کر مداح سے مخاطب ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ 'میرے دوست آپ یہ پیسے واپس لے کر اسے کہیں عطیہ کرسکتے ہیں'۔

عاطف اسلم نے بات جاری رکھتے ہوئے مداح کو اسٹیج پر آنے کا کہا اور بولے 'مجھے معلوم ہے کہ آپ بہت امیر ہیں جو کہ اچھی بات ہے لیکن اسے عطیہ کردیں، اس طرح پیسوں کی عزت نہیں کی جاتی'۔

گلوکار کے اس ردعمل نے سوشل میڈیا صارفین کا دل جیت لیا، کسی نے عاطف کو حقیقی سپر اسٹار قرار دیا تو کوئی ان کے ٹھنڈے مزاج کی تعریف کرتا رہا۔

ایک اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ 'عاطف نے پیسوں کو ہاتھ لگانا بھی مناسب نہ سمجھا'۔

فیض نامی صارف نے عاطف اسلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’کتنے پرسکون انداز میں انہوں نے مداح سے درخواست کی جب کہ پاکستانی عوام نے اس چیز کو کلچر بنالیا ہے، یہ وہ واحد غیر متنازع پاکستانی اسٹار ہیں جو تعریف کے مستحق ہیں‘۔


مزید خبریں :