25 اکتوبر ، 2023
غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ 19 ویں روز بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کی شہادتوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
عرب میڈیا نے فلسطینی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 6 ہزار546ہوگئی، جن میں 50 فیصد سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔
فسلطینی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 344 بچوں سمیت 756 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 546 ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں شہید فلسطینیوں میں 2 ہزار 704 بچے بھی شامل ہیں، اسرائیلی بمباری سے زخمی فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 439 ہے ۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری سے 900 بچوں سمیت 1600 لاپتا افراد کی اطلاع ملی ہے، خدشہ ہے کہ لاپتا افراد تباہ شدہ عمارتوں کے ملبوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ رات بھر اسرائیل کی جانب سے جنوبی غزہ میں شدید بمباری کی گئی۔
اس بمباری سے ہونے والے جان نقصان کے بارے میں ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو اسرائیلی بمباری سے 182 بچوں سمیت 704 فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے، جو ایک دن میں سب سے زیادہ شہادتیں تھیں۔
عالمی برادری کی جانب سے اسرائیل سے حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ غزہ میں امداد کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے، مگر صہیونی ریاست نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے غزہ میں بچوں کی شہادتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عالمی ادارے کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک کم از کم 2360 بچے اسرائیلی بمباری کے باعث شہید ہو چکے ہیں۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں بچوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کی شرح بہت زیادہ ہے اور یہ حقیقت زیادہ خوفناک ہے کہ صورتحال بہتر ہونے تک اس میں کمی آنے کا کوئی امکان نہیں۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایندھن نہ ملا تو آج غزہ کے تمام اسپتال بند ہوجائیں گے۔
عالمی ادارے کے مطابق غزہ کےاسپتالوں میں120 نومولود بچےانکیوبیٹرپر ہیں، ایندھن کی کمی سےبجلی بند ہوئی توبچوں کا زندہ رہنامشکل ہوگا۔
واضح رہے کہ غزہ کے 35 اسپتالوں میں سے ایک تہائی سے زائدفضائی حملوں سے نقصان پہنچنے یا ایندھن ختم ہونے کے بعد پہلے ہی بند ہو چکے ہیں۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انرا نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ غزہ میں 6 لاکھ کے قریب بے گھر افراد نے عالمی ادارے کے مراکز میں پناہ لی ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق ہمارے مراکز میں گنجائش سے 4 گنا زیادہ افراد موجود ہیں جبک ہمتعدد افراد گلیوں میں رات گزارنے پر مجبور ہیں۔
ادھر الجزیرہ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ غزہ جنگ پر اسرائیل کے روزانہ 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز خرچ ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس میں وہ مالی نقصانات شامل نہیں جو بڑے پیمانے پر فوج کی نقل و حمل سے معیشت متاثر ہونے سے ہو رہے ہیں۔