Time 26 اکتوبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ایکس (ٹوئٹر) میں آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف

یہ فیچر فی الحال آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے / اے ایف پی فوٹو
یہ فیچر فی الحال آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے / اے ایف پی فوٹو

ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) کو ایلون مسک نے ایک سال قبل 27 اکتوبر 2022 کو خریدا تھا۔

ایلون مسک کے زیر تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ایک سال مکمل ہونے پر ایکس میں آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اس فیچر کا اعلان کمپنی کی جانب سے کئی ماہ سے کیا جا رہا تھا اور اب جا کر اسے متعارف کرایا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس فیچر کو ابھی آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا گیا جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو یہ کچھ عرصے بعد دستیاب ہوگا۔

ایکس کے متعدد نئے فیچرز کی طرح آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر بھی صرف ایکس پریمیئم یعنی ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو ہی دستیاب ہوگا۔

کمپنی نے بتایا کہ صارفین آڈیو یا ویڈیو کالز کو ڈائریکٹ میسجز سیٹنگز کے ذریعے کنٹرول کر سکیں گے جبکہ کسی فرد کو کال کرنے کے لیے اسے ایکس پر کم از کم ایک ڈائریکٹ میسج بھیجنا ضروری ہوگا۔

خیال رہے کہ اگست 2023 کو ایلون مسک نے ایک ایکس پوسٹ میں بتایا تھا کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کرنے کے لیے کسی فون نمبر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ایلون مسک کے مطابق ایکس ایک گلوبل ایڈریس بک ہے اور اسی لیے کالز کے لیے فون نمبر کی ضرورت نہیں۔

یہ نئی تبدیلی ایلون مسک کی جانب سے ایکس کو سپر ایپ بنانے کے اقدامات کا حصہ ہیں۔

ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ایکس کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔

ایلون مسک کو توقع ہے کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر سے مزید افراد کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لانے میں مدد ملے گی۔

اسی طرح یہ کمپنی پیمنٹ فیچر کو بھی ایکس کا حصہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

مزید خبریں :