پاکستان

بجلی کمپنیوں کے افسران کے مفت یونٹ بند، اضافی رقم دینےکی سفارش

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نگران وفاقی حکومت نے بجلی کمپنیوں کے افسران کے بجلی کے مفت یونٹ بند کرنےکا فیصلہ کیا ہے اور اس کے بجائے اضافی رقم دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے 3 اہم فیصلوں کی تیاری کرلی ہے اور ان کی آج منظوری کا امکان ہے۔

 ذرائع کے مطابق  تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کو ریاستی استثنٰی اور  اوگرا سے چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، موسم سرما میں صنعتی صارفین کو رعایتی نرخوں پر بجلی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ  بجلی کمپنیوں کے افسران کے لیے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ گریڈ 17سے گریڈ 21 کے افسران کو ماہانہ مفت یونٹ کی فراہمی بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے، اس سے سالانہ 6 ارب  روپے سے زائد بچت کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق گریڈ 17 کے افسر کو 450 ماہانہ مفت یونٹ کے بجائے 15ہزار 858 روپے دینےکی سفارش کی گئی ہے،گریڈ 18 کے افسر کو ماہانہ 600 مفت یونٹ کے بجائے 21 ہزار 996  روپے دینےکی سفارش کی گئی ہے، گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ 880 مفت یونٹ کے بجائے37ہزار 594 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے، گریڈ20 کے افسر کو ماہانہ 1100 مفت یونٹ کے بجائے 46 ہزار 992 روپے دینےکی سفارش کی گئی ہے اورگریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 1300 مفت یونٹ کے بجائے 55 ہزار 536 روپے دینےکی سفارش کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ جنریشن کمپنی کے گریڈ 17 کے افسرکو  ماہانہ 650 مفت یونٹ کے بجائے 24 ہزار 570  روپے دینےکی سفارش ہے، جنریشن کمپنی کے گریڈ 18 کو ماہانہ 700 یونٹ کے بجائے 26 ہزار 460 روپے دینےکی سفارش ہے، جنریشن کمپنی کے گریڈ 19 کے افسر کو  1ہزار بجلی یونٹ کے بجائے 42 ہزار 720  روپے دینے کی سفارش ہے، جنریشن کمپنی کے گریڈ 20 کو ماہانہ 1100 یونٹ کے بجائے 46 ہزار  992 روپے دینے کی سفارش ہے، جنریشن کمپنی کے گریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 1300 یونٹ کے بجائے 55 ہزار 536 روپے دینے کی سفارش ہے۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ 1974سے واپڈا ملازمین کو مفت بجلی دی جارہی ہے، ملازمین مفت یونٹ فروخت بھی کرتے ہیں، گریڈ 16 تک کے ملازمین کو فی الوقت مفت بجلی کی سہولت جاری رہےگی، ہر ماہ بچ جانے والے مفت یونٹ اگلے مہینوں میں شامل کردیے جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق افسران کے موناٹائزیشن کا ریٹ جولائی 2023 کے ٹیرف پر منجمد رہےگا، وزارت خزانہ نے مفت یونٹ اور موناٹائزیشن دونوں کی مخالفت کی ہے،کابینہ کمیٹی برائے توانائی تمام سفارشات کی آج شام حتمی منظوری دے گی۔

مزید خبریں :