Time 27 اکتوبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک ایکس (ٹوئٹر) سے یوٹیوب اور لنکڈ ان کا مقابلہ کرنے کے خواہشمند

ایلون مسک / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک / رائٹرز فوٹو

مارک زکربرگ نے تھریڈز کو ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) کے مقابلے پر متعارف کرایا تھا مگر ایلون مسک میٹا کی اس ایپ کی بجائے یوٹیوب اور لنکڈ ان کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حریف تصور کرتے ہیں۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے کمپنی کے ایک اجلاس میں اشارہ دیا کہ لنکڈ ان اور یوٹیوب مستقبل میں ایکس کے حریف ہوں گے۔

یہ اجلاس ایکس کے ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے ایک سال مکمل ہونے پر ہوا تھا۔

اکتوبر 2022 میں ایکس کو خریدنے کے بعد سے ایلون مسک کی جانب سے اسے سپر ایپ میں تبدیل کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔

وہ ایکس کو ایسے پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، جہاں صارفین صرف پوسٹس یا فالو کرنے کے ساتھ ساتھ پیمنٹس کرنے، ملازمتوں کے حصول، ویڈیوز دیکھنے اور ایسے ہی متعدد کام کر سکیں۔

ایکس میں ویڈیوز اور ملازمتوں کے فیچرز پر کافی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور ایلون مسک اسی لیے لنکڈ ان اور یوٹیوب کو مستقبل میں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے حریف تصور کرتے ہیں۔

یوٹیوب کے مقابلے میں ایکس کے صارفین کی تعداد بہت کم ہے مگر ایلون مسک کی جانب سے مختصر اور طویل ویڈیوز کے فیچرز بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :