28 اکتوبر ، 2023
کونسل آف خالصتان کے سربراہ ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے کہا ہےکہ ہردیپ سنگھ پر چلنے والی گولیاں بھارت کے تابوت میں آخری کیلیں ثابت ہونگی۔
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے گرونانک سکھ گوردوارہ میں 29 اکتوبر کو خالصتان ریفرنڈم ووٹنگ میں ہزاروں سکھوں کی شرکت متوقع ہے۔
اسی گوردوارہ میں 18 جون کو بھارتی حکومت کے اہلکاروں نے ہردیپ سنگھ نجر کو درجنوں گولیاں مار کر قتل کردیا تھا اور کینیڈین وزیراعظم نے بھارتی حکومت پر ڈائریکٹ ہردیپ سنگھ اور دیگر رہنماؤں کو دھمکانے پر الزام لگایا تھا۔
اتوار کو سکھ ریکارڈ تعداد میں بھارت کے خلاف اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے فیصلہ سنائیں گے۔
کونسل آف خالصتان کے سربراہ ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل نے تحریک خالصتان میں نئی روح پھونک دی ہے، کینیڈین وزیراعظم نے ہمارے خدشات کی تصدیق کردی ہے کہ بھارت سکھوں کی نسل کشی کے مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ پوری دنیا پر عیاں ہے کہ بھارت سکھوں کے قتل عام میں ملوث ہے، ہردیپ سنگھ نجر کے ریاستی قتل پر دنیا بھر کے سکھ غم و غصے سے دو چار ہیں، ہردیپ کو لگنے والی گولی ہر سکھ کو چھلنی کرگئی، یہ گولیاں بھارت کے تابوت میں آخری کیلیں ثابت ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے سکھ بھارت سے آزادی حاصل کرکے اپنا الگ وطن خالصتان قائم کرنا چاہتے ہیں، بھارت نے ہردیپ سنگھ کو قتل کرکے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے، ہم ہردیپ کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔