29 اکتوبر ، 2023
امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو فلسطینی شہریوں اور حماس میں فرق کرنا چاہیے۔
ایک انٹرویو میں جیک سلیوان کا کہناتھاکہ اسرائیلی وزیراعظم مغربی کنارے کے لوگوں کے خلاف انتہا پسند یہودی آبادکاروں کا تشدد بھی رُکوائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطینی شہریوں اور حماس جنگجوؤں میں تفریق رکھنی چاہیے اور غزہ کے فوجی آپریشن میں شہریوں، جنگجوؤں کا فرق رکھنے کیلئے اسرائیل کو ہر ممکن اقدام کرنا چاہییے۔
خیال رہےکہ غزہ میں اسرائیلی بمباری 23 ویں روز بھی جاری ہے، تازہ اسرائیلی فضائی حملوں میں بچوں سمیت 18 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
وسطی غزہ میں نصیرات کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں پانچ بچوں کی جانیں گئیں، خان یونس میں ایک گھر پر حملے میں 13 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال کے قریب بمباری کی، بمباری سے شفا اسپتال کی طرف جانے والی زیادہ تر سڑکیں تباہ ہوگئیں، اسپتال میں سیکڑوں مریض موجود ہیں اور ہزاروں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہدا کی تعداد 8 ہزار 5 ہوگئی ہے، زخمی فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار 242 ہے، غزہ کے شہدا میں 3 ہزار 324 بچے شامل ہیں۔