30 اکتوبر ، 2023
بھارت میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے لیے موجود پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کردیے۔
قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی کاپیاں کولکتہ میں موصول ہوئیں جس کے بعد چند دنوں میں کھلاڑیوں کو ان کے معاوضے ادا کردیے جائیں گے۔
ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے اور 5 ماہ سے پیسے نہ ملنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم جس روز بھارت روانہ ہورہی تھی اسی روز سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ طے ہوا جس کی وجہ سے دستخط نہیں ہوسکے تھے اور پھر ٹیم میچز میں مصروف ہوگئی۔
اب کولکتہ میں سب کو ہارڈ کاپی پرنٹ کراکے دے دی گئی اور سب کھلاڑیوں نے دستخط کردیے ہیں، ان کو چند دنوں میں معاوضوں کی ادائیگی بھی کردی جائے گی۔
پی سی بی نے 27 کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کو حتمی شکل دی ہے جس میں 127 سے 202 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر کھلاڑیوں کے تحفظات اور بار بار مذاکرات کی وجہ سے ہوئی، ایشیا کپ میں بھی سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی تھی لیکن وہاں بھی معاملات طے نہیں ہوئے۔
سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملات بھارت روانگی کے روز طے ہوئے تھے۔