30 اکتوبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بیٹے اذہان کی سالگرہ کے موقع پر ثانیہ نے بھی شعیب کی طرح فیملی پکچرز پوسٹ نہ کیں۔
ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بیٹے کی سالگرہ کی تصاویر پوسٹ کیں، ان کی 5 تصاویر میں سے ایک میں بھی شعیب ملک موجود نہیں جب کہ گزشتہ روز شعیب ملک کی پوسٹ میں بھی فیملی پکچرز نہیں تھیں تاہم ثانیہ مرزا بیک گراونڈ میں دکھائی دے رہی تھیں۔
اب ثانیہ مرزا نے بیٹے، اپنے والدین اور بہن کے ساتھ تصاویر پوسٹ کیں اور کیپشن میں لکھا ہماری زندگی کے سب سے روشن ستارے کو سالگرہ مبارک ہو۔
سابق ٹینس اسٹار نے کہا کہ میرے گرد چاہے جتنی بھی تاریکی ہو تمھاری مسکراہٹ اسے بہتر بنا دیتی ہے ۔
ثانیہ نے مزید لکھا کہ غیر مشروط پیار کا مطلب بتانے کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے اختلافات کی عرصہ دراز سے خبریں گردش کررہی ہیں، ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے اپنی شادی کے حوالے سے کسی خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔