30 اکتوبر ، 2023
اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی حمایت کا الزام لگا کر فلسطینی اتھارٹی کے اکاؤنٹس منجمد کردیے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر خزانہ نے وزیراعظم نیتن یاہو کو خط لکھا ہے جس میں ادائیگی نہ کرنے کا بتایا ہے۔
اسرائیلی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو اس ماہ کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کا ٹیکس اسرائیلی حکومت وصول کرتی ہے اور جمع شدہ ٹیکس سے پانی، بجلی اور دیگر خدمات کے پیسے کاٹ کر فلسطینی اتھارٹی کو ادائیگی کرتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد اشتیے نے حماس کے حق میں بیان دیا تھا اور خبردار کیا تھاکہ اگر اسرائیل سمجھتا ہے کہ وہ مزاحمتی تحریک حماس ختم کر دے گا تو ایسا نہیں ہوگا۔