Time 31 اکتوبر ، 2023
پاکستان

ملک کا نقصان ختم کرنے کیلئےگیس کی قیمتوں میں اضافہ ضروری تھا: نگران وزیر توانائی

مقامی سطح پر ضرورت پوری کرنے کیلئے 210 ارب ادا کرنے پڑتے ہیں، رواں مالی سال بھی قیمتیں نہ بڑھاتے تو 400 ارب کا نقصان ہوتا: محمد علی کی پریس کانفرنس/ فائل فوٹو
مقامی سطح پر ضرورت پوری کرنے کیلئے 210 ارب ادا کرنے پڑتے ہیں، رواں مالی سال بھی قیمتیں نہ بڑھاتے تو 400 ارب کا نقصان ہوتا: محمد علی کی پریس کانفرنس/ فائل فوٹو

اسلام آباد : نگراں وفاقی وزیر محمد علی کا کہناہےکہ ملک کا نقصان ختم کرنے کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ضروری تھا۔

 اسلام آبادمیں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان میں گیس کی قیمت حکومت دیتی ہے ،اوگرا کو اس سال 697 بلین روپے چاہیے تاکہ گیس خریدی جاسکے۔

 تندوروں کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا: محمد علی

انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں گیس ذخائر کم ہوتے جا رہے ہیں، آج ہزار ارب روپے سے کم کی گیس اور آئل نکال رہے ہیں چونکہ گیس کی مقامی پیداوار کم ہے، آر ایل این جی کی درآمد کرنی پڑتی ہے، مقامی سطح پر ضرورت پوری کرنے کیلئے 210 ارب ادا کرنے پڑتے ہیں، رواں مالی سال بھی قیمتیں نہ بڑھاتے تو  400 ارب کا نقصان ہوتا۔

 نگران وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں قیمتیں بڑھائی جاتیں تو آج اتنا اضافہ نہ ہوتا، 10برس میں گیس کمپنیوں کو 879 ارب روپے کا نقصان ہوا، پوری گیس چین کا نقصان 2100 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے تاہم گیس قیمتیں بڑھانے سے اب پیٹرولیم سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ نہیں بڑھے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ  تندوروں کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے، گیس کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ آسان نہیں مشکل تھا، قیمتوں میں اضافہ بہت بڑا فیصلہ تھا۔


مزید خبریں :