Time 31 اکتوبر ، 2023
دنیا

غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے شہید افراد کی تعداد ساڑھے 8 ہزار سے زائد ہوگئی

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے / رائٹرز فوٹو
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے / رائٹرز فوٹو

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ 25 ویں دن بھی جاری ہے اور فضائی بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی حملے بھی تیز کر دیے گئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں مزید 219 فلسطینی شہید ہوگئے۔

بیان کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 8525 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 3542 بچے اور 2187 خواتین بھی شامل ہیں۔

اسی طرح اب تک 21 ہزار 543 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

بیان کے مطابق 2 ہزار افراد اب بھی تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں 1100 بچے بھی شامل ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں اور طبی مراکز کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ طبی ٹیموں کے خلاف جنگی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور  130 طبی ورکرز شہید ہو چکے ہیں۔

بیان کے مطابق اب تک 57 طبی مراکز کو اسرائیل نے جان بوجھ کر نشانہ بنایا جن میں سے 32 مراکز ایندھن کی کمی یا تباہ ہونے کے باعث بند ہو چکے ہیں۔

غزہ کے ترک فرینڈ شپ کینسر اسپتال پر بھی اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی جس کی و جہ سے اسپتال کا ایک حصہ تباہ ہوگیا اور کینسر کے شکار متعدد مریضوں کو اس وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :