دنیا
Time 31 اکتوبر ، 2023

ناروے نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیدیا

ناروے کے وزیر خارجہ نے ایک انٹرویو کے دوران یہ کہا / رائٹرز فوٹو
ناروے کے وزیر خارجہ نے ایک انٹرویو کے دوران یہ کہا / رائٹرز فوٹو

ناروے نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر شہری آبادی پر بمباری کے دوران بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈی نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری کرکے ممکنہ طور پر بین الاقوامی قوانین کو توڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ انسانیت کے تحفظ کے قوانین پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی حملوں میں شہریوں اور حماس کے افراد کے درمیان امتیاز کرنا ضروری ہے تاکہ شہریوں اور شہری انفرا اسٹرکچر کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ماننا ہے کہ ایسے کیسز موجود ہیں جن میں اسرائیل کی جانب سے شہریوں کے حقوق کا احترام نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 8525 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

شہید افراد میں 3542 بچے اور 2187 خواتین بھی شامل ہیں۔

اسی طرح اب تک 21 ہزار 543 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :