عمر میں اضافے کے ساتھ دماغ کو جوان رکھنے کا آسان طریقہ

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ کو جوان اور صحت مند رکھنا چاہتے ہیں؟ تو اچھی اور گہری نیند کو یقینی بنائیں۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

موناش یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ گہری نیند کے دورانیے میں محض معمولی کمی سے دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

گہری نیند جس کے لیے طبی زبان میں سلو ویو سلیپ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، کا دورانیہ عمر بڑھنے کے ساتھ بتدریج گھٹ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 60 سال سے زائد عمر کے 346 ایسے افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جو 1995 سے 2003 کے دوران 2 مختلف تحقیقی رپورٹس کا حصہ بنے تھے۔

بعد ازاں ان افراد کی دماغی صحت کا جائزہ 2018 تک لیا گیا اور دریافت ہوا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ گہری نیند کا دورانیہ بتدریج کم ہونے لگتا ہے۔

ان رضاکاروں میں سے 17 میں ڈیمینشیا کی تشخیص ہوئی تھی اور محققین نے بتایا کہ گہری نیند کے دورانیے میں ہر سال محض ایک فیصد کمی سے ڈیمینشیا کا خطرہ 27 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

محقین نے بتایا کہ گہری نیند دماغی صحت پر متعدد طریقوں سے مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، مگر اب تک یہ معلوم نہیں تھا کہ اس سے دماغی تنزلی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ گہری نیند کے دورانیے میں کمی سے بھی ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ بھی دریافت کیا کہ گہری نیند کے دورانیے میں کمی سے ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھتا ہے مگر دماغی حجم پر اس سے اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل جاما نیورولوجی میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :