01 نومبر ، 2023
دنیا بھر میں ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب اس بیماری کے وبا کی طرح پھیلنے کی اہم ترین وجہ سامنے آگئی ہے۔
فضائی آلودگی ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
یہ انکشاف اپنی طرز کی پہلی تحقیق میں سامنے آیا۔
بھارت کے Centre for Chronic Disease Control کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ آلودہ فضا میں سانس لینے سے بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
یہ پہلے بھی ثابت ہو چکا ہے کہ فضائی آلودگی میں موجود ننھے ذرات دوران خون میں شامل ہوکر نظام تنفس اور دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
مگر اب پہلی بار دریافت کیا گیا کہ فضائی آلودگی سے ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی شرح بہت زیادہ ہے اور اس تحقیق پر 2010 سے کام جاری تھا جس میں آلودہ فضا اور ذیابیطس کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔
اس تحقیق میں دہلی اور چنئی سے تعلق رکھنے والے 12 ہزار افراد کو شامل کیا گیا تھا اور 2010 سے 2017 کے دوران کئی بار ان کے بلڈ شوگر کی سطح کو جانچا گیا، جبکہ ان شہروں میں فضائی آلودگی کے ڈیٹا کو بھی دیکھا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ محض ایک ماہ تک آلودہ فضا میں سانس لینے سے بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اگر ایک سال یا اس سے زائد عرصے تک فضائی آلودگی کا سامنا ہو تو ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ 22 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ کم جسمانی وزن کے باوجود کمر اور پیٹ کے اردگرد زیادہ چربی ہونے کی وجہ سے برصغیر کے رہائشیوں میں مغربی ممالک کے شہریوں کے مقابلے میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کو بھی ذیابیطس کا خطرہ بڑھانے والا عنصر تصور کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ہمارا خیال تھا کہ غذا، موٹاپا اور ورزش نہ کرنے سے برصغیر کے شہروں میں ذیابیطس ٹائپ 2 کے کیسز بڑھ رہے ہیں، مگر تحقیق کے نتائج آنکھیں کھول دینے والے ہیں کیونکہ ہم نے اس مرض کے پھیلاؤ کی نئی وجہ تلاش کرلی ہے۔
تحقیقی ٹیم کی کچھ عرصے پرانی ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ فضائی آلودگی سے بلڈ پریشر میں اضافہ ہوتا ہے جس سے فشار خون کی تشخیص کا خطرہ بڑھتا ہے۔
محققین کے مطابق دونوں تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ فضائی آلودگی سے ذیابیطس اور فشار خون جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے،۔
اب وہ فضائی آلودگی سے جسم میں کولیسٹرول اور وٹامن ڈی کی سطح پر مرتب اثرات کو سمجھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ان کی تحقیق کے نتائج برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئے۔