Time 01 نومبر ، 2023
دنیا

غزہ میں وحشیانہ بمباری : اردن نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

فوٹو: وزیرخارجہ اردن ایمان صفیدی
فوٹو: وزیرخارجہ اردن ایمان صفیدی 

غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اردن نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے خلاف اسرائیل سے اپنے سفیر کو فوری واپس بلالیا ہے۔

اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے اسرائیل سے اس کے سفیر کو اردن واپس نہ بھیجنے کا بھی کہا ہے، سفیروں کی واپسی اسرائیل کی غزہ میں جنگ روکنے سے مشروط ہے۔

اس سے قبل مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور بربریت کے خلاف بطور احتجاج جنوبی امریکا کے 3 ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کردیے۔

گزشتہ روز چلی اور کولمبیا نے اپنے سفیروں کو اسرائیل سے واپس بلا لیا تھا۔ اب بولیویا نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 271 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 8796 ہوگئی ہے۔

مجموعی طور پر غزہ میں اب تک 2290 خواتین اور 3648 بچے شہید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :