02 نومبر ، 2023
راولپنڈی: شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹر فیصل سلطان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سلو پوائزن دیے جانےکے دعووں کی تردید کردی۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی، ان کا طبی معائنہ بھی کیا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق سلوپوائزننگ کی بات درست نہیں، جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ کیا،کوئی ایسی بات نظر نہیں آئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے خوراک سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل آفتاب باجوہ نے کہا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے بتایا ہے کہ انہیں سلو پوائزن دیا جارہا ہے۔
آفتاب باجوہ کا کہنا تھا عمران خان نے وکلا کو بتایا کہ انہیں سابق وزیراعظم والی سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں، انہیں گھرکا کھانا نہیں دیا جاتا، انہیں سلو پوائزن دیا جارہا ہے۔
بعد ازاں انہوں نے ایک اور ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے پہلے دیےگئے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وکلا سے ملاقات کے دوران 4 سے 5 مرتبہ سلو پوائزنگ کی بات کی لیکن مجھے سمجھنے میں غلطی ہوئی، وہ (عمران خان) یہ کہہ رہے تھےکہ مجھے سلو پوائزنگ دی جا سکتی ہے اور اس کی کوشش بھی ہو رہی ہے۔