02 نومبر ، 2023
غزہ پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے لبنان سے اسرائیل پر راکٹ حملےکیے ہیں۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لبنان سے القسام کے جنگجوؤں نے شمالی اسرائیل پر راکٹ داغے۔
شمالی اسرائیل کے علاقےکریات شمونہ میں 12 راکٹ آکر گرے جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
القسام کی جانب سے غزہ میں جاری لڑائی کے دوران گزشتہ روز مزید 16 اسرائیلی فوجی مارنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کہ اسرائیلی حکام نے 13 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق بھی کردی ہے۔
آج بھی القسام کی جانب سے غزہ میں زمینی جھڑپ کے دوران اسرائیلی ٹینک کو تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کی گئی۔
القسام کے مطابق حملوں میں ٹینک سمیت متعدد اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
القسام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج اسرائیلی فوج کے 6 ٹینک اور 2 بکتر بند گاڑیوں کو دھماکے سے اڑایا گیا جن میں متعدد اسرائیلی فوجی سوار تھے۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ غاصب فوج کے نقصانات ان کے اعلان سے کہیں زیادہ ہیں، نیتن یاہو اپنے ہی لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔