Time 03 نومبر ، 2023
دنیا

اسرائیلی افواج کا جبالیا کے بعد البریج کیمپ پر حملہ، شہدا کی مجوعی تعداد 9200 ہوگئی

جبالیا کیمپ پر 3 دن میں تیسرے حملہ کے بعد شہدا کی تعداد 2 سو سے تجاوز کر گئی جبکہ 7 سو سے زائد زخمی اور 100 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ہیں— فوٹو: عرب میڈیا
جبالیا کیمپ پر 3 دن میں تیسرے حملہ کے بعد شہدا کی تعداد 2 سو سے تجاوز کر گئی جبکہ 7 سو سے زائد زخمی اور 100 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ہیں— فوٹو: عرب میڈیا

غزہ میں اسرائیلی فوج کی رہائشی آبادیوں پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، جبالیا پناہ گزین کیمپ پر لگاتار تیسرے روز بمباری کے علاوہ اسرائیلی فوج نے البریج پناہ گزین کیمپ پر بھی بم برسا دیے۔

اسرائیل نے شاطئی کیمپ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے تحت چلنے والے اسکول کو بھی نشانہ بنایا جبکہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے القدس اسپتال کے قریب بھی بم برسائے۔

اسرائیل کے غزہ میں جبالیا کیمپ پر 3 دن میں تیسرے حملہ کے بعد گزشتہ تین روز میں ہوئے حملوں میں شہدا کی تعداد 2 سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ  7 سو سے زیادہ زخمی اور 100 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔

اب تک اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 7 سو سے زائد بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 2 سو ہوگئی ہے جبکہ 24 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے پورے غزہ شہر کا محاصرہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے بعد زمینی فوج کی بڑی کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے خلاف حماس اور حزب اللہ کے جوابی حملے بھی جاری ہیں، جنوبی لبنان سے اسرائیلی شہر کریات شمونہ پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا، حزب اللہ کے حملے میں متعدد گاڑیوں اور مکانات میں آگ لگ گئی۔

لبنان سے فائرکئے گئے میزائل سے دوسرا اسرائیلی ڈرون بھی تباہ ہوگیا، حزب اللہ نے 2 مسلح ڈرونز سے اسرائیلی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

مزید خبریں :