03 نومبر ، 2023
ایلون مسک کا ماننا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے باعث بتدریج دنیا بھر میں ہر فرد کو ملازمت سے محروم ہونا پڑے گا۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے یکم نومبر کو کہا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی انسانیت کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہے۔
اب اپنے نئے بیان میں ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی تاریخ کی سب سے زیادہ انتشار انگیز طاقت بن سکتی ہے۔
لنکا شائر ہاؤس میں برطانوی حکومت کے ایک ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ 'یہ کہنا تو مشکل ہے کہ کب ایسا ہوگا، مگر ایک وقت ایسا ضرور آئے گا جب ملازمت کی ضرورت نہیں ہوگی'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'اے آئی ٹیکنالوجی ہر کام کرنے کے قابل ہوگی'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں نہیں جانتا کہ اس سے لوگ خوش ہوں گے یا نہیں، مگر یہ مستقبل کا ایک بڑا چیلنج ہوگا کہ ہم اپنی زندگی کا مقصد کیسے تلاش کریں'۔
ایلون مسک ماضی میں متعدد بار اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے خطرہ قرار دے چکے ہیں۔
ایک موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی جوہری ہتھیاروں سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
مارچ 2023 میں انہوں نے متعدد افراد کے ساتھ ایک کھلے خط میں اے آئی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ زیادہ جدید اے آئی سسٹمز کی تیاری کو عارضی طور پر روک دیں۔
اسی طرح یکم نومبر کو دنیا کی پہلی اے آئی سیفٹی کانفرنس کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی انسانیت کے وجود کے لیے خطرہ ہے، کیونکہ تاریخ میں پہلی بار انسانوں کا سامنا خود سے زیادہ ذہین حریف سے ہوگا۔
برطانیہ میں ہونے والی 2 روزہ کانفرنس میں امریکا، چین، بھارت، فرانس، جرمنی اور بھارت سمیت 28 ممالک کے حکومتی وفود نے شرکت کی تھی۔
ان سب ممالک نے کانفرنس کے پہلے دن ایک اعلامیے پر بھی دستخط کیے جس میں اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے ایک ممکنہ بڑا خطرہ قرار دیا گیا۔